لکھنؤ،19جون؍(آئی این ایس انڈیا)بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)سربراہ مایاوتی نے سماجی کارکن تیستا سیتلواڑ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کی غلط پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کرنے والی تنظیموں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔مایاوتی نے اترپردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پارٹی کے سینئر عہدیداروں، اراکین اسمبلی اور الیکشن کیلئے اعلان شدہ امیدواروں کے اجلاس میں کہا کہ روہت ویمولا خودکشی کیس اور عشرت جہاں تصادم معاملے میں جانبدارانہ طریقے سے کام کرنے والی مرکز کی بی جے پی حکومت اب اپنی غلط پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھانے والی غیر سرکاری تنظیموں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں اور سرگرمیوں کے خلاف جدوجہد کرنے والی تنظیموں پر بھی مرکزی حکومت کی کارروائی جاری ہے، جس کے تحت تیستا سیتلواڑ کے این جی او سبرنگ ٹرسٹ پر سخت کارروائی کرتے ہوئے اس کا رجسٹریشن ہی منسوخ کر دیا گیا ہے۔یہ سب پہلی نظر میں ہی جانبدارانہ کاروائی لگتی ہے، جس کی بین الاقوامی سطح پر بھی مخالفت ہو رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے غیر ملکی مدد کے غلط استعمال کے الزام میں تیستا کا ایف سی آر اے رجسٹریشن گذشتہ جمعرات کو منسوخ کر دیا تھا۔مایاوتی نے کہا کہ سماج وادی پارٹی اور بی جے پی مل کر کیرانہ سے لوگوں کی نقل مکانی کے معاملے پر نوراکشتی کر رہی ہیں،یہ اچھی بات رہی کہ عوام ان کے بہکاوے میں نہیں آئی،مگر بی جے پی اور ایس پی اب بھی یاترا نکالنے کی دوڑ کرکے ماحول خراب کے فراق میں ہیں۔